ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کونسل انتخابات میں کانگریس کا چار نشستوں پر قبضہ

کونسل انتخابات میں کانگریس کا چار نشستوں پر قبضہ

Sat, 11 Jun 2016 15:15:49  SO Admin   (ایس او نیوز/عبدالحلیم منصور )

بی جے پی دو پر کامیاب ، جے ڈی ایس کاایک پراکتفا، رضوان ارشد کو سب سے زیادہ ووٹ

بنگلورو۔10؍جون(ایس او نیوز/عبدالحلیم منصور ) ریاستی لیجسلیٹیو کونسل کی سات نشستوں کیلئے آج ریاستی اسمبلی سے ہوئی پولنگ میں حسب توقع حکمران کانگریس نے چار ، بی جے پی نے دو اور جنتادل (ایس) کو ایک سیٹ پر کامیابی حاصل ہوئی۔ کونسل انتخابات کیلئے بی جے پی اور جنتادل( ایس) میں ممکنہ مفاہمت کے ناکام ہوجانے کے نتیجہ میں بی جے پی کو دو سیٹوں پر کامیابی مل سکی ، کانگریس کے چاروں امیدوار رضوان ارشد، الم ویر بھدرپا، آر بی تماپوراور وینا آچیا نے کامیابی حاصل کرلی۔ بی جے پی سے وی سومنا اور لہر سنگھ نے کامیابی حاصل کی، جبکہ جنتادل (ایس) کے کے وی نارائن سوامی کامیاب ہوئے اور دوسرے امیدوار ڈاکٹر وینکٹا پتی کو ہار کا منہ دیکھنا پڑا۔ کانگریس کے چاروں امیدواروں میں سب سے زیادہ 34ووٹ رضوان ارشد نے حاصل کئے، جبکہ آر بی تماپور کو 33؍ الم ویربھدرپا کو 32 اور وینا آچیا کو 31ووٹ ملے، بی جے پی کے دو امیدواروں سومنا 31؍ اور لہر سنگھ 27 ووٹ لے کر کامیاب رہے۔ جے ڈی ایس کے نارائن سوامی کو 30 ووٹ ملے، اور وینکٹا پتی کو صرف پانچ ووٹوں کی بدولت شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ جنتادل (ایس) کے چالیس اراکین میں سے پارٹی کے دونوں امیدواروں کو محض 35 ووٹ ملے ، جبکہ پانچ اراکین اسمبلی کی طرف سے کراس ووٹنگ کھل کر سامنے آگئی۔ 123اراکین اسمبلی ، ایک اسپیکر اور ایک نامزد رکن کی طاقت سے 125 کی تعداد رکھنے والی کانگریس کے حق میں 130 ووٹ ملے، جبکہ 44اراکین اسمبلی پر مشتمل بی جے پی نے 58 ووٹ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔آج صبح پولنگ شروع ہونے کے بعد اسپیکر کاگوڈ تمپا ، وزیر اعلیٰ سدرامیا ، اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر ، ریاستی کابینہ کے وزراء ،جے ڈی ایس لیڈران کمار سوامی ، ریونا ، جے ڈی ایس باغی اراکین ضمیر احمد خان ، چلوورایا سوامی ، ایچ سی بال کرشنا ، اقبال انصاری ، اکھنڈا سرینواس مورتی سمیت تمام 225اراکین نے اپنے ووٹ استعمال کئے۔سب سے پہلے ووٹ ڈالنے والوں میں بی جے پی رکن سی ٹی روی رہے، جبکہ ووٹ کے بدلے نوٹ کے معاملے میں ایف آئی آر کا سامنا کرنے والے جے ڈی ایس رکن ملیکارجن کھوبا نے سب سے آخر میں اپنا ووٹ دیا۔کامیاب امیدواروں نے اپنے اپنے حلقوں میں ریاست کی ہمہ جہت ترقی کیلئے جدوجہد کرنے اور اپنے طبقات کی نمائندگی کرنے کااعادہ کیا۔سب سے زیادہ ووٹ لینے والے نوجوان رکن کونسل رضوان ارشد نے کہاکہ شہر بنگلور کی ترقی کیلئے وہ پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ایوان بالا میں وہ نوجوانوں اور اقلیتوں کی آواز بن کر کام کریں گے۔ توقع سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہونے پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے رضوان نے کہاکہ دوسری پارٹیوں کے جن اراکین اسمبلی نے ان کا ساتھ دیاہے، وہ ان کے بھی مشکور ہیں۔ 


Share: